کراچی: سٹی کورٹ سے گزشتہ روز ہائی پروفائل ملزم ظاہر علی کے فرار کے معاملے میں ذمہ دار کانسٹیبل اشتیاق احمد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
فرار ملزم گولڈ میڈلسٹ اتقا قتل کیس کا مرکزی کردار تھا، ہائی پروفائل کیس کے ملزم کو بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا، گزشتہ روز سٹی کورٹ میں پیشی کے موقع پر وہ کیسے فرار ہوا؟ ایف آئی آر میں بڑا انکشاف سامنے آیا ہے۔
لاک اپ انچارج افتخار احمد نے بتایا کہ 4 بجکر 10 منٹ پر مین گیٹ کا سنتری اشتیاق بھاگتا ہوا آیا اور بتایا کہ جیل جانے کے لیے قیدی وین پہنچی ہے۔
ملزم کانسٹیبل اشتیاق احمد نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’قیدیوں کو روانہ کرنے کے لیے میں نے گیٹ کھولا، تو ملزم ظاہر علی مجھے دھکا دے کر بھاگا اور گاڑی کی آڑ میں مین گیٹ سے فرار ہو گیا۔‘‘
کراچی: گولڈ میڈلسٹ اتقا کے قتل کا مرکزی ملزم عدالت پیشی پر فرار
ایف آئی آر متن کے مطابق کانسٹیبل اشتیاق سمیت دیگر عملہ ملزم کے پیچھے بھاگا، لیکن ظاہر علی رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گیا۔
کورٹ پولیس کے مطابق اشتیاق احمد 59 سال کا معمر سپاہی ہے، 2 مہینے بعد گرفتار کانسٹیبل کی ریٹائرمنٹ بھی ہے، کورٹ پولیس نے بھی بتایا کہ ملزم نے کانسٹیبل کو دھکا دے کر گرا دیا تھا اور فرار ہو گیا۔