پاکستان کے معروف سینیئر اداکار راشد محمود بجلی کے بھاری بھر کم بلوں سے پریشان اور شدید غصے میں حکمرانوں پر اختیار پر برس پڑے۔
اداکار راشد محمود نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے بتایا کہ 701 یونٹ استعمال کرنے پر 35 ہزار سے زائد بجلی کا بل موصول ہوا ہے، آپ سب کو علم ہوگا کہ مجھے چار مرتبہ دل کا دورہ پڑا ہے اور اللہ تعالیٰ نے مجھے چاروں بار نئی زندگی دی، اب میں اللہ سے کہتا ہوں کہ اے اللہ! آپ نے مجھے یہ زندگی کیوں دی؟۔
اداکار کا کہنا تھا کہ کیا میں صرف یہ دیکھنے کے لیے زندہ تھا؟ اللہ نے مجھے کیوں بچایا؟ یہاں لاہور میں ہم اداکاروں کو کوئی کام نہیں دیتا، گزشتہ کئی عرصے سے مجھے کوئی کام نہیں ملا، میں یہ بل کیسے ادا کروں، یگر شعبہ جات کی فلاح کے لیے اعلانات کئے جا رہے ہیں فنکاروں کی فلاح کے لیے کون کام کرے گا؟۔
View this post on Instagram
اُنہوں نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا اس ملک کی ساری زندگی خدمت کی، ہمارے کام کی وجہ سے اس ملک میں اربوں روپے اکٹھا ہوئے لیکن ایسا لگتا ہے کہ میں نے اچھا نہیں کیا۔ مجھے بھی صرف اپنے بارے میں سوچنا چاہئے تھا اور یہاں سے چلے جانا چاہئے تھا بالکل اسی طرح جس طرح ہمارے سیاست دان کرتے آئے ہیں۔
ماضی کے اداکار نے مزید کہا کہ اس وقت اگر میں بھی ان چوروں میں شامل ہوجاتا تو آج یہ چیخیں نہ نکالتا لیکن مجھے اپنے رب کے پاس جواب بھی تو دینا ہے، میں بہت غلط ملک میں پیدا ہوگیا ہوں۔ اللہ کو راضی کرنے میں لگا رہا، وہ تو مجھ سے راضی ہو جائے گا لیکن جو بیت رہی ہے مجھ پر، یہ صرف میری نہیں بلکہ دیگر کروڑوں پاکستانیوں کی بھی کہانی ہے۔