اتوار, اکتوبر 6, 2024
اشتہار

چوہدری اسلم کے قریبی ساتھی علی رضا کا قتل، کرائم سین پر کیمرے نہ ہونے کی وجہ سے تحقیقات میں مشکلات

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: ڈی ایس پی سی ٹی ڈی علی رضا چوہدری اسلم کے قریبی ساتھیوں میں سے تھے، اور انچارج سی ٹی ڈی لیاری گینگ وار سیل تھے۔

ڈی ایس پی علی رضا پر حملے کے سلسلے میں سی ٹی ڈی کی جانب سے تفتیش کا عمل جاری ہے، شہید ڈی ایس پی علی رضا کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ گینگ وار ملزمان کے خلاف کام کرتے تھے، اور چوہدری اسلم کے قریبی ساتھیوں میں سے تھے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق کرائم سین پر کوئی سی سی ٹی وی کیمرہ موجود نہیں ہے، تاہم ایک ٹارگٹ کلرز تک پہنچنے کے لیے ایک ممکنہ روٹ میپ تیار کیا جا رہا ہے، کرائم سین یونٹ اور فارنزک لیب نے موقع سے شواہد جمع کر لیے ہیں، ابتدائی معلومات کے مطابق موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے علی رضا پر حملہ کیا تھا۔

- Advertisement -

ایس ایس پی سینٹرل ذیشان صدیقی نے دوسری بار کرائم سین کا دورہ کیا، پولیس حکام کی جانب سے مختلف زاویوں پر تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے، اور مختلف ذرائع سے معلومات حاصل کی جا رہی ہیں، بتایا گیا ہے کہ سی ٹی ڈی کے علاوہ دیگر ادارے بھی اس کیس پر کام کر رہے ہیں، ایس ایس پی کے مطابق کرائم سین پر سی سی ٹی وی کیمرے نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات ڈی ایس پی سی ٹی ڈی علی رضا کو کراچی میں قاتلانہ حملے میں شہید کر دیا گیا، موٹر سائیکل سوار 2 ٹارگٹ کلرز نے کریم آباد میں ان کے سر پر گولیاں ماریں۔ فائرنگ سے اپارٹمنٹ کا زخمی سیکیورٹی گارڈ وقار بھی دم توڑ گیا۔

واقعے کی جگہ سے نائن ایم ایم کے 11 خول ملے ہیں، 4 گولیاں علی رضا کو 3 بلڈنگ کے سیکیورٹی گارڈ کو لگیں، علی رضا اپنے علاقے میں دوستوں سے ملنے آئے تھے۔ انھوں نے دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں حصہ لیا تھا، اور مختلف تھانوں کے ایس ایچ او رہے۔

علی رضا کی نماز جنازہ آج دوپہر 12 بجے گارڈن ہیڈ کوارٹرز میں ادا کی جائے گی، نماز جنازہ میں سندھ پولیس کے اعلیٰ حکام شرکت کریں گے، ساؤتھ زون پولیس کے مطابق شہید علی رضا کو گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔

Comments

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں