پاکستان ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کیسے کھیل سکتا ہے یہ بات قومی ٹیم کے ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلپسی نے بتا دی ہے۔
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل آئندہ سال 2025 میں شیڈول ہے اور اس چیپمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت پاکستان پانچویں نمبر پر موجود ہے جب کہ بھارت، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور سری لنکا بالترتیب پہلی سے چوتھی پوزیشن پر موجود ہیں۔
آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل 25-2023 کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل پر موجود دو ٹاپ ٹیمیں اس کا ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلیں گی۔
پاکستان اس سائیکل کے پانچ میچز کھیل چکا ہے اور 9 میچز باقی ہیں۔ آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر جیسن گلپسی جنہوں نے رواں ماہ پاکستان آ کر ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ کا چارج سنبھالا ہے اور بڑی ٹیسٹ ٹیموں کے خلاف فتح اور آئندہ سال ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کو ہدف قرار دیا ہے۔
جیسن گلپسی نے کہا ہے کہ اگر اگلے نو میچوں میں اچھے نتائج آئے تو پاکستان آئندہ سال ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیل سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کے خلاف قومی ٹیم کا اعلان جولائی کے آخری ہفتے میں ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے آئندہ ماہ اگست سے جنوری 25 تک چار مختلف ٹیموں سے 9 ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں۔
پاکستان آئندہ ماہ بنگلہ دیش کی دو ٹیسٹ میچوں کے لیے میزبانی کرے گا۔ اس کے بعد اکتوبر میں انگلش ٹیم تین ٹیسٹ میچ کھیلنے پاکستان آئے گی۔
قومی ٹیم دسمبر اور جنوری میں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے جنوبی افریقہ جائے گی اور وطن واپسی کے فوری بعد ویسٹ انڈیز کی دو ٹیسٹ میچوں کی میزبانی کرے گی۔
موجودہ ٹیسٹ چیمپئن آسٹریلیا ہے جس نے گزشتہ سال بھارت کو فائنل میچ میں شکست دی تھی۔