راولپنڈی: خیبرپختونخوا کے ضلع دیر میں پاک افغان بارڈر پر سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنادی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ دیر میں پاک افغان بارڈر پر سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان نے موثر بارڈر مینجمنٹ کے لیے افغان عبوری حکومت کے سامنے معاملہ اٹھایا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ توقع ہے کہ افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی، افغان حکام اپنی سرزمین کا پاکستان کیخلاف استعمال روکیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
اس سے قبل باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا تھا اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں مطلوب دہشت گرد کمانڈر عرفان اللہ عرف عدنان ہلاک ہوگیا تھا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھا۔
آئی ایس پی آر کا بتانا تھا کہ مارا گیا دہشت گرد بھتہ خوری اور بے گناہ شہریوں پر حملوں میں بھی ملوث تھا۔