بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے بشنوئی گینگ کے حملے کے بعد ممبئی پولیس کے پاس اپنا بیان ریکارڈ کرایا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان کے باندرہ اپارٹمنٹ کے باہر فائرنگ کے واقعے کے معاملے میں داخل کی گئی چارج شیٹ میں، ممبئی پولیس نے الزام لگایا ہے کہ جیل میں بند گینگسٹر لارنس بشنوئی کے چھوٹے بھائی انمول بشنوئی نے ایک بندوق بردار کو بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کے گھر کے باہر ہوائی فائرنگ کرنے کی ہدایت دی تاکہ انہیں ڈرایا جاسکے۔
ممبئی پولیس کی جانب سے عدالت میں پیش کی گئی چارج شیٹ میں انمول بشنوئی اور شوٹر وکی کمار گپتا کے درمیان ہونے والی بات چیت کی نقلیں شامل ہیں ساتھ ہی اداکار سلمان خان کا بیان بھی عدالت میں دائر چارج شیٹ کا حصہ بنالیا گیا ہے۔
بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے ممبئی پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ رواں برس اپریل میں میری رہائش گاہ پر لارنس بشنوئی گینگ کی فائرنگ کا مقصد مجھے اور میرے اہل خانہ کو قتل کرنا تھا۔
سلمان خان نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے 14 اپریل کی صبح گلیکسی اپارٹمنٹس میں اپنی رہائش گاہ پر سوتے ہوئے پٹاخوں جیسی آواز سنی تھی، صبح انہیں پولیس گارڈ نے بتایا کہ موٹر سائیکل پر سوار 2 افراد نے پہلی منزل کی بالکونی پر فائرنگ کی ہے۔
سلمان خان نے پولیس کو بتایا کہ اس سے پہلے بھی مجھے پر اور میرے گھر والوں پر حملہ کرنے کی کوشش کی گئی تھی جس سے متعلق باندرہ پولیس اسٹیشن میں شکایت بھی درج کروائی تھی۔
بالی ووڈ اسٹار نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ مجھے بعد میں پتا چلا کہ گینگسٹر لارنس بشنوئی اور اس کے بھائی انمول بشنوئی نے ایک فیس بک پوسٹ میں حملے کا اعتراف کیا ہے اور حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔