واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ریلی میں تقریر کے دوران گولی چلانے والے نوجوان سے متعلق تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس نے گوگل پر جان ایف کینیڈی کے قتل کی تفصیلات سرچ کی تھیں۔
ٹرمپ پر انتخابی ریلی کے دوران قاتلانہ حملے کے بارے میں مزید کچھ تفصیلات سامنے آئی ہیں، ایف بی آئی کے سربراہ کرسٹوفر رے کانگریس کی جوڈیشری کمیٹی میں پیش ہوئے اور واقعے کی تحتقیقات سے آگاہ کیا۔
انھوں نے بتایا کہ حملہ آور نے حملے کی منصوبہ بندی کے لیے سابق امریکی صدر جان ایف کینیڈی پر حملے کے بارے میں انٹرنیٹ پر تفصیلات دیکھیں۔
کرسٹوفر رے نے کہا کہ حملہ آور کے گوگل پر جان ایف کینیڈی کے قتل کے بارے میں تفصیلات سرچ کرنے سے اس کے حملہ کرنے کے مقصد کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے، لیکن ہم مزید تفتیش کر رہے ہیں۔ اس سرچنگ سے یہ پتا چلتا ہے کہ شاید وہ جاننا چاہ رہا تھا کہ لی ہاروی اوسوالڈ نے سابق صدر جان ایف کینیڈی کو کس طرح قتل کیا تھا۔
ٹرمپ پر حملہ روکنے میں ناکامی پر سیکرٹ سروس کی ڈائریکٹر مستعفی
العربیہ کے مطابق ہاؤس جوڈیشری کمیٹی کے سامنے اپنی گواہی میں کرس رے نے کہا کہ تھامس کروکس تقریباً 6 جولائی سے ٹرمپ اور ان کی انتخابی ریلی پر بہت زیادہ توجہ مرکوز کیے ہوئے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ حملہ آور نے چھ جولائی کو پنسلوینیا میں ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم میں شرکت کرنے کے لیے رجسٹریشن کروائی اور ٹرمپ کے اسٹیج پر آنے سے تقریباً 2 گھنٹے قبل اس مقام پر ڈرون بھی اڑایا تھا۔