جمعرات, جولائی 3, 2025
اشتہار

ماڈل فیملی پارک انتظامیہ نے وکیل کو فیملی کے سامنے قتل کی دھمکیاں دے دیں، مقدمہ درج

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی 5 میں واقع ماڈل فیملی پارک انتظامیہ نے ایک وکیل کو فیملی کے سامنے مبینہ طور پر قتل کی دھمکیاں دے دیں۔

تفصیلات کے مطابق کورنگی نمبر 5 ماڈل فیملی پارک میں شہری کو ہراساں کرنے اور مارنے کی دھمکیوں کے معاملے میں پولیس نے شہری حق نواز کی مدعیت میں تھانہ عوامی کالونی میں مقدمہ درج کر لیا۔

مدعی نے پولیس کو رپورٹ لکھوائی کہ ’’25 جولائی کی رات پارک میں فیملی کے ہمراہ گھومنے کے لیے گیا تھا، پارک کے انٹری ٹکٹ کے 50 روپے لیے گئے، جب کہ فیس 25 روپے لکھی تھی۔‘‘

مدعی نے کہا ’’میں نے ٹکٹ کاؤنٹر پر اسٹاف سے کہا یہاں 25 روپے لکھا ہے، تو جواب ملا 50 روپے چارج ہوں گے، اندر بیٹھے فیملی پارک کے کنٹریکٹر عرفان بٹ نے بھی کہا کہ ٹکٹ 50 روپے کا ہی ہے۔‘‘

مدعی کے مطابق اس کے بعد وہ جیسے ہی فیملی کے ساتھ پارک میں جانے لگا تو گارڈ نے اسے اسلحے کے زور پر روکا، اور عرفان بٹ کے پاس لے گیا اور کہا کہ اس نے موبائل میں ویڈیو بنائی ہے، عرفان بٹ اور اس کے ساتھیوں نے اسے خوف زدہ کیا اور موبائل فون چھین لیا۔

ایف آئی آر کے مطابق مدعی نے پارک کنٹریکٹر عرفان بٹ کو اپنا تعارف کرایا کہ وہ وکیل ہیں، لیکن عرفان بٹ نے اسے اور وکلا برادری کو گالیاں دینا شروع کر دیں، اور پھر جان سے مارنے کی دھمکیاں دے کر موبائل کا کوڈ کھلوایا۔

مدعی نے بتایا ’’عرفان بٹ نے میرے موبائل کی گیلری میں جا کر چیک کیا لیکن کچھ نہ ملا اور پھر فون واپس کر دیا، لیکن اس کے بعد عرفان بٹ نے مجھے پارک سے جانے کا کہا اور دوبارہ جان سے مارنے کی دھمکی دی۔‘‘

پولیس نے مدعی حق نواز کی مدعیت میں مقدمہ درج کرنے کے بعد کیس کے سلسلے میں ضابطے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں