اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے پاور ڈویژن کے 13 اداروں کی نجکاری کی منظوری دے دی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق 11 میں سے 9 سرکاری بجلی تقسیم کار کمپنیاں نجکاری فہرست میں شامل ہیں، کوئٹہ الیکٹرک اور ٹرائبل الیکٹرک سپلائی کمپنیاں نجکاری فہرست میں شامل نہیں ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جنکوز کو نجکاری فرہست میں شامل کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے جبکہ وفاقی کابینہ نے پاور ڈویژن کے 6 اداروں کو قومی اہمیت کے ادارے قرار دینے کی منظوری دی ہے۔
کابینہ اجلاس میں پاور ہولڈنگ لمیٹڈ، سی پی پی اے قومی اہمیت کے ادارے قرار دیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے پاور ڈویژن کے 4 اداروں کی تنظیم نو کی منظوری بھی دی ہے، کوئٹہ الیکٹرک اور ٹرائبل الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کی تنظیم نو ہوگی۔
این ٹی ڈی سی اور نیسپاک کی بھی تنظیم نو کی جائے گی۔
واضح رہے کہ 24 جولائی کو وفاقی حکومت نے غیر تسلی بخش کارکردگی پر 6 سرکاری بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے بورڈز تحلیل کر کے نئے بورڈز تشکیل دے دیے تھے۔
وفاقی حکومت نے کلُ 11 میں سے 6 سرکاری بجلی تقسیم کارکمپنیوں فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو)، اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو)، ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو)، لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) اور ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (ہیسکو) کے نئے بورڈز تشکیل دے دیے گئے تھے۔
تاہم حکم امتناع کی وجہ سے گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو)، ٹرائبل ایریاز الیکٹرک سپلائی کمپنی (ٹیسکو) اور کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) بورڈز کی تحلیل روک دی گئی تھی۔