ہفتہ, فروری 22, 2025
اشتہار

اسپیشلائزڈ یونٹ کی ’فراخدلی‘ شہری سے 90 ہزار ڈالر لوٹنے کے بعد اسے گھر جانے کے لیے 500 روپے کرایہ بھی دیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: کراچی پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) کی ٹیم نے اغوا کی ایک بڑی واردات کی ہے، شہری کے موبائل سے 90 ہزار ڈالر ٹرانسفر کرنے کے بعد اسے 500 روپے کرایہ دے کر چھوڑ دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک شہری کو غیر قانونی حراست میں لے کر 90 ہزار ڈالر ٹرانسفر کرنے والی ایس آئی یو ٹیم کے خلاف اغوا برائے تاوان کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، ڈھائی کروڑ سے زائد رقم لوٹنے والی اسپیشلائزڈ ٹیم نے واردات مکمل ہونے کے بعد شہری کو گھر جانے کے لیے 500 روپے کرایہ بھی دیا۔

سچل تھانے میں ایف آئی آر متاثرہ شہری علی یونس کی مدعیت میں اغوا برائے تاوان کی دفعات کے تحت درج کی گئی ہے، جس میں ایس ایچ او ایس آئی یو اختر، اے ایس آئی شہباز اور کانسٹیبل فاروق کو نامزد کیا گیا ہے، متن کے مطابق پانچ صورت شناس نامعلوم ملزمان سمیت 8 ملزمان نے یہ واردات کی۔

مدعی نے بتایا کہ ٹیچر سوسائٹی میں اس کا این این سلوشن کے نام سے آفس ہے، 9 جولائی کو 8 افراد دفتر میں داخل ہوئے، جن میں سے 5 یونیفارم میں تھے، ’’انھوں نے مجھے اغوا کر کے پولیس موبائل میں بٹھایا، جس کے آگے ایک سلور کار بھی تھی، اور لیاری ایکسپریس وے پر موبائل روک کر مجھے گاڑی میں بٹھایا گیا۔‘‘

مدعی نے کہا ’’مجھے پہلے ایس آئی یو دفتر پھر ایک نامعلوم فارم ہاؤس پر لے گئے، سارا دن وہاں رکھنے کے بعد شام کو دوبارہ ایس آئی یو دفتر لایا گیا، مجھ سے موبائل فون اور ایپل آئی ڈی کا پاس ورڈ لیا گیا اور پھر 90 ہزار ڈالر ٹرانسفر کیے گئے۔‘‘

مدعی کے مطابق ’’رات بارہ بجے کے قریب مجھے جمالی پل کے قریب اتار دیا گیا، اور مجھے گھر جانے کے لیے 500 روپے کرایا دیا گیا اور موبائل فون واپس کیے گئے۔‘‘

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں