امریکی وزیر دفاع لائڈ آسٹن نے کہا ہے کہ امریکا مشرق وسطیٰ میں امریکی اہلکاروں پر حملے کسی صورت برداشت نہیں کرے گا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر دفاع لائڈ آسٹن کا کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہے کہ عراق میں امریکی فوجیوں پر حملے کے پیچھے ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا کا ہاتھ تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز عراق کی الاسد ایئر بیس پر راکٹ حملہ کیا گیا جس میں متعدد اہلکار زخمی ہوئے تھے۔
دوسری جانب پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ لبنان میں مقیم تمام پاکستانی شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ لبنان چھوڑ دیں۔
لبنان میں پاکستانی شہریوں کے لیے دفترخارجہ کی جانب سے ایڈوائزری جاری کی گئی ہے، حکومت پاکستان نے شہریوں کو لبنان کے سفر سے گریز کا مشورہ دے دیا ہے، پاکستانی حکومت نے اپنے شہریوں کو لبنان چھوڑنے کا بھی مشورہ دیا ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیل اور لبنانی حزب اللہ گروپ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو مدنظر رکھتے ہوئے امریکا نے بھی اپنے شہریوں کو لبنان کا سفر نہ کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔