اسلام آباد: صدر انجمن تاجران اجمل بلوچ نے اعلان کیا ہے کہ تاجر دوست ٹیکس اسکیم کے نام پر ایڈوانس ٹیکس ادا نہیں کریں گے۔
اجمل بلوچ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ تاجر دوست کے نام سے بنائی جانے والی اسکیم تاجر دشمن ثابت ہوئی، ایڈوانس انکم ٹیکس ویلویشن ٹیبل کسی صورت قبول نہیں، انکم ٹیکس انکم پر لاگو ہوتا ہے اس کے علاوہ کسی فارمولے کو نہیں مانتے۔
صدر انجمن تاجران نے کہا کہ تاجر پہلے ہی بجلی بلوں میں 10 فیصد ایڈوانس انکم ٹیکس ادا کر رہے ہیں، 2 بار ایڈوانس انکم ٹیکس کسی صورت ادا نہیں کریں گے، بجلی کے بلوں نے تاجر برادری کا بھر کس نکال رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی مراعات ختم کرنے کا نام تک نہیں لے رہی، مفت بجلی، مفت گیس اور مفت پیٹرول ایسا کب تک چلتا رہے گا؟
اجمل بلوچ نے مطالبہ کیا کہ رئیل اسٹیٹ پر لگائی گئی قدغنیں واپس لی جائیں، ہم باہر دنیا میں سرمایہ کار ڈھونڈ رہے ہیں اور اپنا انویسٹر ملک چھوڑ کر جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر نے تاجروں کو حکومت کے خلاف سڑکوں پر لانے کا بندوبست کر دیا ہے، ٹیکس ویلویشن ٹیبل کا قانون واپس نہ لیا گیا تو شٹر ڈاؤن کا اعلان کر دیں گے۔