اسلام آباد : پیپلزپارٹی پنجاب کی تنظیم صوبائی حکومت کے خلاف پھٹ پڑی اور بلاول بھٹو کے سامنے شکایات کےانبارلگادیئے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی پی بلاول بھٹوکی پیپلزپارٹی پنجاب کے رہنماؤں سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کے پنجاب حکومت سے متعلق تحفظات دور نہ ہوسکے،جس پر تنظیم صوبائی حکومت کے خلاف پھٹ پڑی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پنجاب کی تنظیم نے بلاول بھٹو کے سامنے شکایات کےانبار لگا دیئے، ارکان نے کہا کہ پنجاب میں پیپلزپارٹی کے ایم پی ایز تک کواہمیت نہیں دی جارہی اور پنجاب کی بیوروکریسی پیپلزپارٹی سےتعاون نہیں کررہی۔
ارکان کا کہنا تھا کہ لگتا ہے پنجاب کی انتظامیہ کوپی پی سےمتعلق خصوصی ہدایات ہیں، پیپلزپارٹی ارکان پنجاب اسمبلی کے ترقیاتی کام نہیں کیے جارہے۔
ذرائع نے کہا کہ پنجاب حکومت تحریری معاہدے پر پیشرفت نہیں کررہی، بلاول بھٹو تحفظات وزیراعظم کےسامنے رکھیں۔
اجلاس میں بلاول بھٹو ارکان کے تحفظات نوٹ کرتے رہے اور پنجاب حکومت کے رویے پر حیرانی اورپریشانی کااظہار کرتے ہوئے تحفظات وزیراعظم تک پہنچانےکی یقین دہانی کرادی۔
بلاول بھٹو سے پی پی وفد کی گزشتہ رات ملاقات ہوئی تھی، راجہ پرویزاشرف،حسن مرتضیٰ سمیت دیگرپارٹی رہنما وفد میں شامل تھے۔