آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ ملک کے میدانی علاقے اس وقت شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ ملک کے بیشترشہروں میں سردی کی شدت نے لوگوں کے ہاتھ پاؤں سُن کردیئے۔
کہیں یخ بستہ ہوائیں تو کہیں برف باری اور کہیں سورج چھپا ہے بادلوں کی اوٹ میں آزاد کشمیرکے بالائی علاقوں وادی نیلم ، اٹھ مقام اور گریز سمیت کئی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے، گلگت بلتستان میں برف باری تھمنے کے بعد سردی بڑھ گئی ۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں شہری سخت سردی کو بھی انجوائے کر رہے ہیں کھلے آسمان تلے انگھیٹیاں جلا کر گرما گرم کھانوں اور بار بی کیو کا مزہ لیا جارہا ہے تو کہیں سوپ کافی اور کشمیری چائے سرد موسم کا مزہ دے رہی ہے۔
کراچی میں کچھ سردی تھمی لیکن اندرون سندھ کئی شہروں میں سردی کا راج بر قرار ہے سردی عروج پر ہے اور گرم کپڑوں کی خریداری کے لئے لنڈا بازاروں میں رش لگا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں کل سے سردی کی شدت میں کسی حد تک کمی کا امکان ہے۔