عراق میں بغداد ایئرپورٹ انتظامیہ کی لاپرواہی کے باعث 50 سے زائد پاکستانی زائرین کے پاسپورٹ گم ہوگئے جس کے باعث انہیں وطن واپسی میں مشکلات درپیش ہیں۔
صبح 4 بجے سے خواتین اور بچوں سمیت پاکستانی زائرین بغداد ایئرپورٹ پر موجود ہیں تاہم ایئرپورٹ انتظامیہ انہیں پاسپورٹ فراہم نہیں کر رہی۔
زائرین نے ویڈیو بیان میں بتایا کہ ہماری پرواز صبح 9 بجے بغداد سے اسلام آباد روانہ ہوگئی لیکن ہمارے پاسپورٹ ایئرپورٹ انتظامیہ کو نہیں مل رہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایئرپورٹ پر عراقی عملے نے پاسپورٹ لے لیے تھے اور ہمیں نہیں بتایا جا رہا کہ اب وطن کب اور کیسے واپس جائیں گے، صبح 4 بجے سے بھوکے پیاسے ہیں۔
انہوں نے اپیل کی کہ پاکستانی حکومت مدد کرے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے زائرین کی عراق ایئرپورٹ میں پھنس جانے پر نوٹس لیا اور متعلقہ حکام سے رابطہ کر کے زائرین کی جلد واپسی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ زائرین پریشان نہ ہوں حکومت اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔