پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹس پر برطانوی ڈاکٹرز کی رائے سامنے آگئی، کئی ماہ سےقید و نظر بندی نے انھیں ذہنی دباؤ اور انتشار سے دوچار کردیا۔ یہی ان کی صحت میں بگاڑ کا سبب ہیں۔ احمد رضا قصوری کہتے ہیں کہ کل پرویز مشرف عدالت میں پیش نہیں ہوسکیں گے۔
غداری کے مقدمے کا سامنا کرنے والے سابق صدر پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹس پر برطانوی ڈاکٹرز کی رائے سامنے آگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق برطانوی ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کئی ماہ سے مسلسل قید کی وجہ سے مشرف شدید ذہنی دباؤ اور انتشار کا شکار ہیں۔ برطانوی ڈاکٹرز کے مطابق پرویز مشرف کو کسی پرفضا مقام پر لینے جانے کی ضرورت ہے، ان کا ماحول تبدیل نہ کیا گیا تو بیماری بڑھ بھی سکتی ہے۔
پرویز مشرف کا علاج کرنے والے پاکستانی ڈاکٹروں کے سات رکنی میڈیکل بورڈ بھی سابق صدر کی میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لے گا اور ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے برطانوی ڈاکٹرز سے بھی رابطہ ہوگا۔ اس سے پہلےپرویز مشرف کی ای سی جی ، بلڈشوگر، کولیسٹرول سمیت دیگر ٹیسٹ آج دوبارہ کیے گئے۔ جن کی رپورٹس نارمل بتائی جاتی ہیں۔
مشرف کے وکیل احمد رضا قصوری کہتے ہیں، مشرف کی بیماری کا عدالت اور ساری دنیا کو علم ہے، وہ کوئی عام آدمی نہیں، بیماری کے باعث پیر کو عدالت میں پیش نہیں ہو سکیں گے۔ احمد رضا قصوری کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کی بیرون ملک روانگی کا فیصلہ حتمی میڈیکل رپورٹس کے بعد کیا جاسکےگا۔