کراچی: سندھ ڈیفائنڈ کنٹری بیوٹری پنشن اسکیم 2024 کے نفاذ کی منظوری دیدی گئی، صوبائی حکومت 12 فیصد کی عارضی شرح سے حصہ ڈالے گی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کابینہ نے یکم جولائی 2024 سے شروع ہونے والی اسکیم کے نفاذ کی منظوری دی ہے، ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ حکومت 12 فیصد، ملازمین 10 فیصد کی عارضی شرح کے مطابق حصہ ڈالیں گے۔
ترمیم کے مطابق کوئی بھی مقرری یا ریگولرائزڈ سرکاری ملازم تصور کیا جائیگا، ترمیم کے مطابق سرکاری ملازم پنشن یا گریجویٹی کا حق دار نہیں ہوگا۔
ترجمان نے بتایا کہ اس کے بجائے وہ ایک ڈیفائنڈ کنٹری بیوشن پنشن اسکیم میں حصہ دار ہونگے، پنشن، گریجویٹی کے بجائے سرکاری ملازم حکومت کی دی گئی رقم وصولی کا حقدارہو گا۔
حکومتی فنڈ ان کے اکاؤنٹ میں شامل کیا جائےگا، سرکاری ملازم کے انتقال پر خاندان کو کنٹری بیوشن پنشن فنڈ سے رقم فراہم کی جائےگی۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ کابینہ کی جانب سے سندھ سول سرونٹ ایکٹ 1973 میں مجوزہ ترمیم اسمبلی میں پیش کرنیکی اجازت دی گئی۔