کراچی: وزیر زراعت سردار محمد بخش مہر کی صدارت میں منعقد ہونے والے اجلاس میں سندھ سیڈ کارپوریشن میں نئے سرے سے اصلاحات لانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ سیڈکارپوریشن کے اجلاس میں ایم ڈی سندھ سیڈ کارپوریشن اور دیگر ڈی جیز نے کارپوریشن کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی، وزیر زراعت کا کہنا تھا کہ کارپوریشن میں نئے سرے اصلاحات لانے کی ضرورت ہے۔
محمد بخش مہر نے سیکریٹری زراعت کو 15 دن کے اندر ترتیب وار پلان بنا کر دینے کی ہدایت کر دی ہے جسے کابینہ میں پیش کیا جائے گا، انھوں نے کہا سندھ سیڈ کارپوریشن کا برا حال ہے، افسران اپنی کارکردگی بہتر کریں کیوں کہ میں ان کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہوں، فوری طور پر اچھے افسران تعینات کیے جائیں۔
وزیر زاعت کا کہنا تھا کہ سیڈ کارپوریشن کو پھر سے اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کی ضرورت ہے، اس لیے انھوں نے محکمہ زراعت کی تمام ونگز سے اچھے افسران اور ملازمین سیڈ کارپوریشن بھجنے کی بھی ہدایت کی۔ دوسری طرف افسران نے اجلاس میں بتایا کہ سیڈ کارپوریشن میں 10 سال میں 61 فی صد پروڈکشن بڑھائی گئی ہے، سکرنڈ اور ٹنڈو جام میں گندم، کاٹن اور کپاس کے پروسیسنگ پلانٹ لگائے گئے ہیں۔
وزیر زراعت نے زور دیا کہ سندھ سیڈ کارپوریشن میں زرعی ماہرین کی تعیناتی کو بھی یقینی بنایا جائے، آفات اور موسمی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے زرعی شعبے کو مزید لچک دار بنایا جائے، اور سندھ میں بیجوں کے معیار کو یقینی بنانےکے لیے سخت معیاری کنٹرول کے اقدام کیے جائیں۔