بنگلہ دیش کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کے پہلے مقابلے سے قبل ہی بھارتی کپتان روہت شرما بنگال ٹائیگرز کا مذاق اڑانے لگے۔
بھارتی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان نے ایک ماہ بعد پہلی پریس میں شرکت کی اور اپنے انداز میں صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیے، انھوں نے بنگلہ دیشی ٹیم کو اہمیت دینے سے انکار کردیا، وہ بنگلہ کپتان نجم الحسن شانتو اور پیسر ناہید رانا کے خطرے کو بھی خاطر میں لانے کےلیے تیار نظر نہیں آئے۔
روہت شرما نے کہا کہ ہر کوئی بھارت کو ہرانا چاہتا ہے اور اسے پسند کرتا ہے، مزے لینے دو ان کو، ہم صرف میچ جیتنا چاہتے ہیں اوراسی لیے یہاں موجود ہیں، ہمیں یہ سوچنے کی ضروت ہیں کہ مخالف ہمارے بارے میں کیا کہتے اور سوچتے ہیں۔
بھارتی کپتان نے گزشتہ دورہ انگلینڈ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ جب انگلش ٹیم یہاں آرہی تھی تو انھوں نے بھی بہت کچھ کہا تھا لیکن ہم نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی۔
انھوں نے کہا کہ ہمیں نتائج حاصل کرنا ہوتے ہیں اور ہم اسی مقصد کے تحت میدان میں اترتے ہیں کہ اچھی کرکٹ کھیلیں
روہت شرما کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے حال ہی میں بہت سے ٹیموں کے خلاف کھیلا ہے اور ہمارا مقصد صرف جیتنا تھا چاہے مخالف ٹیم کوئی بھی ہو۔
بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ میچ کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ ہر ٹیسٹ میچ ہی بڑا ہوتا ہے، ہم یہ سریز جیتنا چاہتے ہیں، جب یہ سیریز شروع ہوگی تب ہم دیکھیں گے کہ ہم کہاں کھڑے ہیں۔