جمعہ, ستمبر 20, 2024
اشتہار

’پوری قوم دہشتگردوں کی سرکوبی کیلیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے‘

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پوری قوم دہشت گردوں کی سرکوبی کے لیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق صدر مملکت نے فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور شمالی، جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر فورسز کی تعریف کی۔

صدر مملکت نے فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اعادہ کیا۔

- Advertisement -

آصف علی زرداری نے جان کی قربانی پیش کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہدا کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت، شہدا کے لیے بلندی درجات کی دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے لیے جانوں کا نذرانہ دینے والے جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے فورسز کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

 واضح رہے کہ شمالی اورجنوبی وزیرستان میں فورسز اور خوارج کےدرمیان جھڑپوں کے دوران 12 خوارجی  مارے گئے جبکہ 6 جوان شہید ہوگئے۔

 آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا تھا کہ 19 ستمبر کو پاک افغان بارڈر پر شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام می سات دہشت گردوں کے گروپ کی نقل و حرکت دیکھی گئی تھی جس پر سیکیورٹی فورسز نے سرحد پر دراندازی کی کوشش کو فوری طور پر ناکام بنا دیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد ساتوں خوارج مارے گئے جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کرلیا گیا۔

ادھر جنوبی وزیرستان کے ضلع لدھا میں ایک دوسرے واقعے میں خوارج کے ایک گروپ نے سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا، سیکیورٹی اہلکاروں نے دلیری سے مقابلہ کرتے ہوئے دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا اور پانچ خوارج کو ہلاک کر دیا۔

ترجمان پاک فوج  نے بتایا تھا کہ دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 6 جوان شہید ہوگئے جبکہ علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے خارجی کو ختم کرنے کے لئے کلئیرنس آپریشنز بھی کئے گئے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں