کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات کے دوران سیاسی کارکن اور پولیس اہلکاروں سمیت چھ افراد جاں بحق اور چار افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق بلدیہ ٹاون سات نمبر میں عوامی نیشنل پارٹی کے مقامی رہنما رزاق بونیری کی دکان پر نامعلوم افرادنے دستی بم حملہ کرنے کے بعد اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار خان محمد اور عبدالرحمان جاں بحق ہوگئے اور ایک راہگیر زخمی ہوا اور دکان کو بھی نقصان پہنچا۔
ترجمان اے این پی کے مطابق بلدیہ ٹاون کے رہنما اور پی ایس91کے امیدوار عبدالرزاق بونیری کی سعید آباد بلاک جے میں واقع بیٹری دکان پر حملہ،ہینڈ گرنیڈ اور فائرنگ کی گئی ،سینیٹر شاہی سید نے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔
بلدیہ ٹاون ہی کے علاقے مواچ گوٹھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تین افراد شدید زخمی ہوگئے جن میں دو افراد اسپتال پہنچ کر دم توڑ گئے مقتولین کی شناخت شفیق محمد اور امیر بخش کے نام سے ہوئی ہے، ادھر بلدیہ ٹاون کے ہی علاقے رشید آباد میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قاری جعفر نامی شخص کو ابدی نیند سلادیا،پی ٹی آئی سندھ کے ترجمان کے مطابق ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے قاری جعفر پاکستان تحریک انصاف کے سرگرم کارکن تھے ۔
اورنگی ٹاون بارہ نمبر میں چمچہ ہوٹل کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قمر الدین نامی شخص لقمہ اجل بنا۔اورنگی مومن آباد اور بوٹ بیسن کے علاقے میں فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوئے جنھیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا۔