راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاکستان بے پناہ وسائل سے مالامال ہے اور اقوام عالم میں اپنا مقام حاصل کرے گا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کراچی کا دورہ کیا جہاں انہیں پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں اور تربیتی امور پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دورے کے دوران انہوں نے انووسٹا انڈس آئی ٹی پارک کا افتتاح کیا جو نوجوانوں کو اس شعبے میں معیاری تربیت فراہم کرے گا۔
افتتاحی تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور عمائدین نے شرکت کی۔ مراد علی شاہ نے معیشت میں آئی ٹی کی اہمیت پر زور دیا جبکہ آرمی چیف نے آئی ٹی کی صنعت کے فروغ کیلیے اقدامات پر روشنی ڈالی۔
جنرل عاصم منیر نے کراچی کی تاجر برادری سے بھی ملاقات کی اور معیشت کی بہتری میں ان کے تعاون کو سراہا جبکہ تاجر برادری نے بھی معیشت کے فروغ کیلیے ایس آئی ایف سی کے کردار کی تعریف کی۔
سپہ سالار نے دوست ممالک بالخصوص چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے تعاون کو سراہا اور ملکی بہتری کیلیے دستیاب مواقع پر اظہار خیال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کراچی آمد پر کور کمانڈر کراچی نے آرمی چیف عاصم منیر کا استقبال کیا۔