لاہور : پاکستان کرکٹ ٹیم طویل سفر کے بعد نیوزی لینڈ پہنچ گئی۔گرین شرٹس کیویز کے خلاف سیریز کیلئے آج نیٹ پریکٹس سے تیاریوں کا آغاز کریں گے۔
نیوزی لینڈ کی سر زمین پر قدم رکھتے ہی پاکستان کرکٹ کی خوشگوار یادیں پھر سے تازہ ہوگئیں۔ انیس سو بانوے میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں ہونے والے مشترکہ عالمی کپ میں پاکستان چیمپئین بنا تھا اور بائیس سال بعد تاریخ کو دہرانے کے لئے پاکستانی کرکٹرز نے نیوزی لینڈ میں پھر سے ڈیرے ڈال لئے۔
ورلڈ کپ مشن سے پہلےکیویز کے خلاف دو میچز کی سیریز ٹیم کے لئے کڑا امتحان ہوگی۔ نیوزی لینڈ کی وکٹوں سے ہم آہنگ ہونے کے لئے قومی ٹیم پریذ یڈ نٹ الیون کے خلاف اتوار اور منگل کو دو وارم میچ کھیلے گی۔
جس کے بعد بلیک کیپس سے ون ڈے میں ٹاکرا ہوگا، طویل سفر کے بعد کھلاڑی آج نیٹ پریکٹس سے تیاریوں کا آغاز کریں گے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم میں شامل متعدد کھلاڑی پہلی بار نیوزی لینڈ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ پاکستانی شاہین دوہزار گیارہ کے بعد نیوزی لینڈ کی سرزمین پر کھیلتے دکھائی دیں گے۔