تہران: ایران نے امریکا کو پیغام پہنچایا ہے کہ اسرائیل پر حملے کے بعد امریکی افواج اس معاملے میں مداخلت نہ کریں۔
الجزیرہ کے مطابق ایران نے اسرائیل پر حملے کے بعد امریکا سے کہا ہے کہ وہ اس میں ملوث نہ ہو، ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ تہران نے اسرائیل پر ایران کے میزائل حملوں کے بعد امریکا کو مداخلت کے خلاف خبردار کیا ہے۔
عراقچی نے سرکاری ٹیلی وژن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’’ہم نے امریکی افواج کو خبردار کیا ہے کہ وہ اس معاملے سے پیچھے ہٹ جائے اور مداخلت نہ کرے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ یہ پیغام تہران میں سوئس سفارت خانے کے ذریعے جاری کیا گیا تھا۔
دوسری طرف صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ میزائل حملے کے بعد امریکا اسرائیل کی ’’مکمل حمایت‘‘ کرے گا، انھوں نے مزید کہا کہ وہ آج اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو سے اس سلسلے میں بات کریں گے۔
ایران کو اسرائیل پر حملے کے سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے، امریکا کی دھمکی
اسرائیل نے بھی ایران کے میزائل حملے کا جواب دینے کا عزم کی اہے، اسرائیل کے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا کہ ایران نے ایک ’’بڑی غلطی’’ کی ہے اور وہ اسے اس کا ’’خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔‘‘ واضح رہے کہ ایرانی جواب کے بعد دونوں علاقائی فوجی طاقتوں کے درمیان وسیع تر جنگ کا خدشہ بڑھتا جا رہا ہے۔