اسلام آباد: وزیر اعظم سے ممتاز اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ملاقات کی۔ اس موقع پر شہباز شریف نے ان کی پاکستان آمد کا خیر مقدم کیا۔
ذاکر نائیک سے ملاقات کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آپ کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، میں ہمیشہ آپ کی ویڈیوز شوق سے دیکھتا اور سنتا رہتا ہوں، دنیا کے سامنے آپ اسلام کا مثبت چہرہ اُجاگر کر رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے دلوں میں آپ کیلیے احترام ہے۔
اس موقع پر ذاکر نائیک نے کہا کہ میری وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران اسلام کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو ہوئی جبکہ حضور ﷺ کی سیرت مبارکہ کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔
ذاکر نائیک نے کہا کہ پاکستان دین اسلام کی بنیاد پر قائم ہوا، پاکستان واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا، قرآن و سنت پر عمل پیرا ہونے میں ہی دنیا اور آخرت کی کامیابی ہے۔
ممتاز اسکالر نے کہا کہ پاکستان آ کر برسوں کا خواب پورا ہوا، پاکستان کا یہ میرا پہلا باقاعدہ دورہ ہے، یہاں کے عوام کا اسلام کے حوالے سے جذبہ بہت گہرا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قیام کے دوران مختلف شہروں کے دورے کروں گا، پاکستان کے دورے کے دوران علمائے کرام سے ملاقات ہوگی۔
ملاقات کے بعد ممتاز اسکالر نجی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچ گئے جہاں ایئرپورٹ پر سول ایوی ایشن (سی اے اے) کے حکام اور جامعہ بنوریہ کے نائب مہتمم مولانا فرحان نعیم نے ان کا استقبال کیا۔