اتوار, اکتوبر 13, 2024
اشتہار

بانی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی تو 15 اکتوبر کو اسلام آباد آئیں گے، پی ٹی آئی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ایک بار حکومت کے سامنے شرط رکھ دی کہ بانی سے ملاقات کی اجازت دی جائے ورنہ 15 اکتوبر کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کے موقع پر اسلام آباد کا رُخ کریں گے۔

مرکزی سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’سوال یہ ہے‘ میں کہا کہ ہمارا احتجاج ایس سی او کے حوالے سے نہیں ہے۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پارٹی نے پنجاب میں احتجاج کا شیڈول جاری کیا تھا جس کے مطابق ملتان اور ساہیوال میں 11 تاریخ کو احتجاج کیا گیا جبکہ شیڈول کے تحت 13 تاریخ کو ہم نے احتجاج ختم کرنا تھا اور اسلام آباد میں گرینڈ احتجاج کی کال دینی تھی۔

- Advertisement -

انہوں نے بتایا کہ بانی سے ملاقات کیلیے عدالتوں سے اجازت لی مگر حکومت نے ملاقاتیں 5 سے 6 ہفتوں سے بند کر دی ہیں، بانی سے ان کے وکلا اور بہنوں کی ملاقاتیں بھی بند کر دی گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملاقاتوں پر پابندی سے ہمارا بانی سے رابطہ ختم ہو کر رہ گیا ہے، اس دوران خبریں آئیں کہ بانی سے جیل میں سلوک ٹھیک نہیں ہو رہا، ایسی خبروں کی تصدیق کا کوئی ذریعہ نہیں تھا اور جیل سپرٹنڈنٹ پر بھی یقین نہیں کر سکتے۔

سیکریٹری اطلاعات نے مزید کہا کہ حکومت بانی سے 14 تاریخ تک ملاقات کی اجازت دے، اگر ملاقات کی اجازت نہیں دی تو 15 کو اسلام آباد آئیں گے، جماعت کی سیاسی کمیٹی میں شامل 98 فیصد ارکان کی رائے احتجاج کے حق میں ہے۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے بانی سے ان کے وکلا، بہنوں اور ڈاکٹر کو ملنے دیا جائے، اگر حکومت کو لگتا ہے کہ ملاقاتوں پر بانی کوئی نئی ہدایات دیں گے اور نیا احتجاج ہوگا تو ملاقاتوں پر پابندی کے باوجود بھی احتجاج کی کال تو آ ہی گئی ہے، ہمیں ان کی خیریت کا نہیں پتا چلتا تو 15 کو احتجاج ہوگا۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت بانی سے وکلا، ڈاکٹر اور بہنوں کی ملاقات کروائے اور اپنی جان چھڑائے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئینی ترامیم کے حوالے سے ووٹ لینے کیلیے حکومت ہمارے ایم این ایز کے اہلخانہ کو تنگ کر رہی ہے، ہم نے اپنے ارکان اسمبلی کو بچانے کیلیے کوششیں کی ہیں تو کوئی مضائقہ نہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں