کھیل ہی کھیل میں کار کے دروازے ایسے لاک ہوئے کہ چار بچوں کی زندگی کا دروازہ ہی بند ہوگیا جو دم گھٹنے سے چل بسے۔
یہ افسوسناک واقعہ بھارتی ریاست گجرات کے ضلع امریلی میں ایک المناک حادثہ پیش آیا۔ جہاں چار بچے ایک کار کے اندر کھیل رہے تھے لیکن انہیں معلوم نہ تھا کہ یہ کار ان کی قبر بن جائے گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بچوں کے والدین کھیتوں میں کام پر گئے ہوئے تھے اور کھیت کا مالک اپنی کار ان کے گھر کے باہر کھڑی کر کے چلا گیا تھا۔
معصوم بچوں نے اس کو کھڑا دیکھ کر اس کے اندر ہی کھیلنا شروع کر دیا اور نا سمجھی میں دروازے لاک کر بیٹھے۔ قریب کوئی موجود نہ ہونے کے باعث بچے کئی گھنٹے کار کے اندر ہی بند رہے جس کے باعث دم گھٹنے سے ان کی موت واقع ہوگئی۔
شام میں جب بدقسمت والدین جب واپس لوٹے تو ان پر بچوں کی لاشیں دیکھ کر قیامت ٹوٹ پڑی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی بچوں کے ماں باپ کسان ہیں جو اپنے بچوں کو صبح گھر میں چھوڑ کر بھرت مندانی کے فارم پر کام کے لیے گئے تھے۔ اس دوران بچے قریب کھڑی فارم مالک کی گاڑی میں داخل ہو گئے اور کھیلنے لگے۔ کھیل کے دوران گاڑی لاک ہو گئی، جس سے وہ اندر ہی پھنس گئے اور دم گھٹنے سے ان کی موت واقع ہوگئی۔
پولیس عہدیدار کے مطابق، جاں بحق بچوں کی عمریں 2 سے 7 سال کے درمیان تھیں۔ امریلی تعلقہ پولیس اسٹیشن میں حادثاتی موت کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔