اسلام آباد : سینیٹرمحسن عزیز کا کہنا ہے کہ ریپ کیسز میں سزا بہت کم ہےسخت سے سخت سزا دینا ہوگی، ایسے کیسز میں مجرم کو تاحیات جیل میں رہنا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹر فیصل سلیم کی زیرصدارت سینیٹ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس ہوا، کمیٹی میں سیکریٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد اور ڈی سی موجود تھے۔
اجلاس میں ریپ کیسز میں سزا بڑھانے کے حوالے سے ترمیمی بل پیش کیا گیا، سینیٹ کمیٹی میں بل سینیٹرمحسن عزیز کی جانب سے پیش کیا گیا۔
سینیٹرمحسن عزیز نے کہا کہ ریپ کیسز میں سزا بہت کم ہےسخت سے سخت سزا دینا ہوگی، ایسے کیسز میں مجرم جب تک زندہ ہے اسے جیل میں رہنا چاہیے۔
سینیٹر ثمینہ زہری کا کہنا تھا کہ 50سال پرانے قوانین پر ہم چل رہے ہیں، اب ہمیں یہ ایسے قوانین میں تبدیلی کرنی چاہیے۔
سینیٹرمحسن عزیز نے کہا کہ ایسے کیسز میں کم از کم 25سال سزا ہونی چاہیے۔
سینیٹ کمیٹی نے ریپ کیسز کے حوالے سے قانون میں ترمیم کے لئے سب کمیٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا ، کمیٹی میں داخلہ،قانون اور انسانی حقوق کے نمائندے شامل ہوں گے۔
چیئرمین کمیٹی فیصل سلیم کا کہنا تھا کہ کمیٹی 10 روز میں اپنی رپورٹ دے گی۔