ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ حماس اور حزب اللہ کی مزاحمت کا مطلب اسرائیل کی شکست ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایرانی حمایت یافتہ گروپ چار دہائیوں سے اسرائیل کو پسپا کر رہے ہیں اسرائیل نے حماس کوختم کرنا چاہا لیکن عام لوگوں کا قتل عام کیا۔
آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ اسرائیل پوری دنیا کے سامنے بےنقاب ہو چکا ہے دنیا نے فلسطین کے مسئلے پر صرف مذمت کی اور کچھ نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل سمجھتا ہے چند رہنماؤں کو شہید کر کے فلسطینی مزاحمت دباسکتا ہے حماس لڑ رہی ہے اور اس کا مطلب صہیونی حکومت کی شکست ہے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق سربراہ حزب اللہ نعیم قاسم نے لبنانی عوام سے خطاب میں اعلان کیا کہ ہمارے دسیوں ہزار تربیت یافتہ جنگجو اسرائیل سے لڑنے کیلیے تیار ہیں۔
نعیم قاسم نے کہا کہ ہماری جنگ صرف جنگی میدان میں ہی ختم ہوگی سیاسی میدان میں نہیں، فلسطینی کاز ثابت قدم ہے اور اسرائیلی جارحیت کے باوجود فتح حاصل کرے گا۔