اتوار, نومبر 24, 2024
اشتہار

رواں سال گندم کی پیداوار کم ہوگی، فوڈ سیکیورٹی نے خبردار کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: فوڈ سیکیورٹی کے سیکریٹری نے رواں سال ملک میں گندم کی کم پیداوار کے حوالے سے خبردار کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق سید مسرور احسن کی زیر صدارت سینیٹ کی قومی غذائی تحفظ کمیٹی کے اجلاس میں فوڈ سیکیورٹی کمشنر نے گندم کے حوالے سے ویٹ بورڈ سے متعلق بریفنگ میں خبردار کیا کہ گزشتہ سال کی نسبت اس سال گندم کی پیداوار کم ہوگی۔

فوڈ سیکیورٹی کمشنر کے مطابق گزشتہ سال گندم کے بیج کی دستیابی 5 لاکھ 29 ہزار میٹرک ٹن تھی، رواں سال ملک میں گندم کے بیج کی ضرورت 1.1 ملین میٹرک ٹن ہے، جب کہ 5 لاکھ 92 ہزار میٹرک ٹن گندم کا بیج دستیاب ہے۔

- Advertisement -

فوڈ سیکیورٹی کمشنر نے بتایا کہ ویٹ بورڈ گندم کے بیج کی ضروریات کے حوالے سے ذمہ دار ہے، ویٹ بورڈ ای سی سی کو گندم کی درآمد و برآمد کی سفارش بھی کرتا ہے، ملکی ضروریات کے پیش نظر ابھی گندم کی برآمد روک دی گئی ہے، مارچ میں فیصلہ ہوگا کہ گندم ایکسپورٹ کی جائے یا نہیں۔

انھوں نے کہا اس وقت ملک میں گندم کی کھپت 32 ملین میٹرک ٹن سے زائد ہے، جب کہ چاروں صوبوں میں 8 ملین میٹرک ٹن کے ذخائر موجود ہیں۔

دوسری طرف سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے ناکارہ گندم امپورٹ سکینڈل کی انکوائری کا بھی فیصلہ کیا ہے، کمیٹی نے تحقیقات کے لیے ایمل ولی خان کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی، تاہم سیکریٹری فوڈ سیکیورٹی اور ایم ڈی پاسکو نے ذیلی کمیٹی کی تجویز کی مخالفت کی، ایم ڈی پاسکو نے کہا کہ پہلے ہی انکوائری کمیٹیاں گندم اسکینڈل پر کام کر رہی ہیں، ایمل ولی نے کہا کہ ہم صرف ان کمیٹیوں کے سہارے ہی نہیں رہ سکتے، یہ بڑا اسکینڈل ہے کمیٹی خود تحقیقات کرے گی۔

غذائی تحفظ کے اجلاس میں ’کاٹن سیس‘ کی نان ریکوری کا معاملہ بھی زیر بحث آیا، چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ حکومت کو کاٹن سیس سے بھاری ریونیو آتا تھا لیکن کئی سالوں سے یہ ریونیو نہیں آ رہا، اس کی کیا وجہ ہے؟ پاکستان کاٹن کمیٹی نے بریفنگ میں بتایا کہ 2016 سے 2024 تک کاٹن سیس مد میں 3.4 ارب روپے کی وصولی باقی ہے، اس عرصے کے دوران کئی ٹیکسٹائل ملز بند بھی ہو چکی ہیں، اور 8 نئی کاٹن ملوں کو کاٹن سیس میں شامل کیا گیا ہے، 2016 سے 2014 تک ٹیکسٹائل ملز سے 2 ارب 19 کروڑ کاٹن سیس جمع کیا گیا، اور 2023-24 میں 293 ملین روپے ریونیو آیا، کاٹن کمیٹی نے 665 ملین روپے کا قرض فوری جاری کرنے کا مطالبہ بھی کیا، تاہم سینیٹ کمیٹی نے پاکستان کاٹن کمیٹی کی بریفنگ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور آئندہ اجلاس میں کاٹن سیس پر تفصیلی بریفنگ طلب کی۔

بریفنگ میں کاٹن کمشنر کا کہنا تھا کہ کاٹن سیس کے حوالے سے مختلف عدالتوں میں 65 کیسز ہیں، عدالتوں سے 63 کیسز کے فیصلے پاکستان کاٹن کمیٹی کے حق میں آ چکے ہیں، صرف 2 کیسز زیر التوا ہیں، ملک بھر میں ٹوٹل 568 ٹیکسٹائل ملز ہیں، جن میں سے 187 ٹیکسٹائل ملز بند ہو چکی ہیں، اس وقت فی کاٹن بیل 50 روپے کاٹن سیس وصول کی جا رہی ہے۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں