ممبئی: 200 کروڑ منی لانڈرنگ کیس میں قید سکیش چند شیکھر نے اپنی مبینہ گرل فرینڈ و معروف بالی وڈ اداکارہ جیکلین فرنانڈیز کیلیے امریکا میں بھاری سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا۔
سکیش چندر شیکھر نے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام لکھے گئے خط میں انہیں صدارتی انتخاب میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور اپنی کمپنی ’ایل ایس ہولڈنگز‘ کے ساتھ امریکی مارکیٹ میں مزید سرمایہ کاری کرنے کا وعدہ کیا۔
500 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے بارے سکیش چند شیکھر نے خط میں لکھا کہ امریکا میں ایک ہندوستانی سرمایہ کار کے طور پر میری کمپنی LS Holdings اور LS Gaming LLC اب ریاست نیواڈا اور لاس اینجلس میں اپنی سرمایہ کاری کو اگلے 2 سالوں میں 500 ملین تک بڑھا دے گی۔
ڈونلڈ ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے اس نے لکھا کہ آپ کی قیادت میں ہم تفریح، مہمان نوازی اور گیمنگ انڈسٹری کے میدان میں نئے مواقع تلاش کرنے کے منتظر ہیں۔
خط میں اس نے لاس اینجلس کا ایک اسٹوڈیو جیکلین فرنانڈیز کیلیے خریدنے کا بھی ذکر کیا اور لکھا کہ میں خواتین کے بارے میں ڈونلڈ ٹرمپ کے مشورے پر عمل کر رہا ہوں۔
’مجھے آپ کا ایک مشورہ یاد ہے کہ ’اپنی خواتین سے ہمیشہ عزت کے ساتھ پیش آئیں اور انہیں ہمیشہ خاص مقام دیں‘، اس پر عمل کرتے ہوئے میری کمپنی ایل ایس ہولڈنگز 135 ملین ڈالر کے حصص خرید رہی ہے۔ میں نے اپنی محبت جیکلین فرنانڈیز کیلیے اس سرمایہ کاری کو حتمی شکل دے دی۔‘
سکیش چندر شیکھر نے خط میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اپنے تعلقات پر بھی روشنی ڈالی۔ ملزم ماضی میں بھی ویلنٹائن ڈے اور سالگرہ سمیت متعدد مواقع پر جیکلین فرنانڈیز کے نام خطوط لکھ چکا ہے۔