اسلام آباد:وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی نے کہا ہے کہ سیکیورٹی کے ایشو پر سیاست نہیں ہونی چاہیئے،دہشت گردی کو عام جرائم سے الگ کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کیا، چوہدری نثار نے مزید کہا کہ ہم نے پہلے ہی صوبائی حکومتوں کو دہشت گردی کی وارداتوں کے بارے میں آگاہ کر دیاتھا۔
وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو مل جل کر کام کرنا چاہیئے،ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کبھی دہشت گردی کا ذمہ دار صوبوں کو نہیں ٹھہرایا، کیونکہ دہشت گرد بھی یہ ہی چاہتے ہیں کہ ہم صوبوں کو قصوروار ٹھہرائیں اور وہ مستعفی ہوں، یہ مسئلہ کا حل نہیں۔ہمیں دہشت گردی کیخلاف مل کر لڑنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی ایجنسیز وزراء اعلیٰ کے ماتحت کام کر رہی ہیں اور وفاقی حکومت سولڈ اور آرمڈ فورسز کو ان کی مدد کیلئے بھیجتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد معصوم اور بے گناہ لوگوں کا خون بہا کر قوم کو خوف میں مبتلا کرنا چاہتے ہیں، اور وہ یہ چاہتے ہیں کہ قوم آپس میں اختلافات کا شکار ہو۔لیکن اس کے بر عکس قوم کو دہشت گردی کیخلاف متحد ہونا پڑے گا ۔
انہوں نے سوال کیا کہ کیا ہم دہشت گردی کے خوف سے اپنے اسکول یا اپنی عبادت گاہیں بند کردیں۔ہمیں اب اس ناسور کو ختم کرنا ہوگا۔اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ آسان نہیں۔
گزشتہ دنوں انٹیلی جینس ایجینسیز نے متعدد خود کش بمبار اور دہشت گردوں کو گرفتار کیاہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ خود کش بمبار اور دہشت گرد شکار پور کے راستے سے کراچی میں داخل ہوتے ہیں اور وہ راستہ اب ایک حب کی صورت اختیار کر گیا ہے۔