لندن: ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ نے کہا ہے کہ اگر نیتن یاہو برطانیہ آئے تو انھیں گرفتار کر لیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی حکومت نے اشارہ دیا ہے کہ بین الاقوامی وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کو برطانیہ کا سفر کرنے پر گرفتاری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
وزیر اعظم کے دفتر کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ حکومت اپنی ’’قانونی ذمہ داریاں‘‘ پوری کرے گی۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا مسٹر نیتن یاہو برطانوی سرزمین پر آتے ہیں تو انھیں حراست میں لے لیا جائے گا، وزیر اعظم کے سرکاری ترجمان نے کہا کہ وہ ’’مخصوص مقدمات کے بارے میں بات نہیں کر سکتے۔‘‘ لیکن ان سے پوچھا گیا کہ کیا حکومت قانون کی تعمیل کرے گی، انھوں نے کہا: ’’برطانیہ ہمیشہ اپنی ان قانونی ذمہ داریوں کی تعمیل کرے گا جو ملکی اور بین الاقوامی قانون نے طے کی ہیں۔‘‘
دریں اثنا، دنیا بھر کے مختلف ممالک نے انٹرنیشنل کریمنل کورٹ کے نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے، اور کہا ہے کہ وہ غزہ میں جنگی جرائم کے مرتکب اسرائیلی وزیر اعظم کو گرفتار کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انٹرنیشنل کرمنل کورٹ نے اسرائیلی وزیر اعظم کے وارنٹ گرفتاری 124 ممالک کو بھیج دیے ہیں۔
نیتن یاہو اٹلی آئے تو گرفتار کر لیں گے، اطالوی وزیر دفاع
کینیڈا، ترکیہ، اٹلی، نیدرلینڈز، ایران اور جنوبی افریقا سمیت دیگر ممالک نے گرفتاری پر عمل درآمد کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ جمعرات کو بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) نے غزہ میں جنگی جرائم کے الزام میں نیتن یاہو اور اسرائیل کے سابق وزیر دفاع یوو گیلنٹ کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے ہیں۔ اس عدالت کے رکن ممالک بشمول برطانیہ نے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جو انھیں گرفتاری کے وارنٹ پر عمل کرنے کا پابند کرتا ہے۔