آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے باؤنسر کروانے پر ہرشت رانا کو خبردار کردیا۔
پرتھ ٹیسٹ میں بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں 150 رنز بنا کر ڈھیر ہوئی جس کے بعد کینگروز کی بیٹنگ لائن بھی ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور صرف 104 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
بھارت نے اپنی دوسری اننگز میں شاندار کم بیک کیا اور دوسرے روز کھیل کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 172 رنز بنالیے ہیں، یشسوی جیسوال 90 اور کے ایل راہول 62 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔
بھارت نے آسٹریلیا کے خلاف 218 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔
تاہم آسٹریلیا کی اننگ کے دوران ہرشت رانا نے جب مچل اسٹارک کو باؤنسر کروائی تو انہوں نے کہا کہ میں آپ سے زیادہ تیز بولنگ کروں گا میری یادداشت بہت اچھی ہے۔‘
اسٹارک کی باتوں پر ہرشت رانا نے کوئی جواب نہ دیا اور بس مسکرا دیے۔
کچھ اوورز کے بعد ہرشت رانا نے ایک اور باؤنسر کروائی جو سیدھی مچل اسٹارک پر ہیلمٹ پر جالگی پھر رانا نے فوراً ان سے خیریت دریافت کی۔
واضح رہے کہ جسپریت بمراہ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں اور آسٹریلیا کی اننگز کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا۔