کراچی: چینی تاجر کو معدنیات کے نام پر بجری ایکسپورٹ کرنے کے اسکینڈل میں ایف آئی اے نے کسٹمز ایکسپورٹ حکام کو بھی شامل تفتیش کر لیا، دریں اثنا ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے آئی آئی چندریگر روڈ پر ایک کارروائی میں فراڈ کرنے والے نجی بینک کے ریجنل ہیڈ ساؤتھ خالد بکالی کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی تاجر کو معدنیات کے نام پر بجری ایکسپورٹ کی کلیئرنس ساؤتھ ایشیا پاکستان ٹرمینل سے ہوئی تھی، جس پر کسٹمز ہاؤس کراچی میں موجود کلکٹریٹ کسٹم ایکسپورٹ کے خلاف بھی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق 100 کنٹینرز پر مشتمل ساڑھے 4 لاکھ ڈالر کی ایک اور کنسائمنٹ کی ایل سی منسوخ کر دی گئی ہے، ایف آئی اے نے تفتیش میں شواہد سامنے آنے پر مزید گرفتاریوں کا امکان بھی ظاہر کر دیا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق چینی کمپنی سے فراڈ کرنے والے نجی بینک کے ریجنل ہیڈ ساؤتھ خالد بکالی کو گرفتار کیا گیا ہے، خالد بکالی چینی کمپنی سے دھوکا دہی میں ملوث تیسرا ملزم ہے، ذیشان افضال بلگرامی اور جاوید محمود پہلے گرفتار ہو چکے ہیں، ملزم ذیشان ڈینزو ٹریڈر کا مالک ہے، جس نے چینی درآمدی کمپنی سے 11 کروڑ 39 لاکھ کا فراڈ کیا تھا۔
ایف آئی اے تفتیش کے دوران مزید اہم انکشافات سامنے آ گئے ہیں، خالد بکالی نے فراڈ کیس میں مرکزی کردار ادا کیا تھا، ملزم نے اپنے بینک سے ایکسپورٹ کنسائنمنٹ کی سہولت دی تھی، جس پر اس کو 1 کروڑ 26 لاکھ روپے حصہ ملا تھا۔ جب کہ جاوید محمود کا کام جعلی ایس جی ایس انسپکشن سرٹیفکیٹ تیار کرنا تھا، اس کو جعل سازی کرنے کے لیے 60 لاکھ روپے حصہ ملا، ملزم نے چینی خاتون امپورٹر سے فراڈ میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق بینک فراڈ کے مرتکب ملزمان نے پاکستان کا نام بدنام کیا، ملزمان سے تفتیش کا عمل جاری ہے، اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔
ترجمان کے مطابق پاکستانی ایکسپورٹر اور چینی امپورٹر نے 17 جنوری کو ایک معاہدہ کیا تھا، جس کے تحت کمپنی نے 1500 میٹرک ٹن کرومیم اورے ایکسپورٹ کرنا تھا، 11 فروری کو کراچی بندرگاہ سے چائنا بندرگارہ کنٹینر بھیجا گیا، لیکن کنٹینر میں کرومیم کی جگہ بجری بھری ہوئی تھی۔
چینی کمپنی کی امپورٹر مس کورائن چن کی شکایت پر پاکستانی ایکسپورٹر پر مقدمہ کیا گیا، ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ ملزم ذیشان بلگرامی نے بینک میں جعلی انسپکشن سرٹیفکیٹ جمع کروایا تھا، اور چینی کمپنی کی بھیجی گئی رقم ملزم نے اپنے اکاؤنٹ میں ٹرانسفرکر لی تھی۔