لاہور : بلوچستان اسمبلی کے بعد پنجاب اسمبلی میں بھی پی ٹی آئی پر پابندی کی قرارداد جمع کرادی گئی ، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف شدت پسند جماعت ہے اس پر فوری پابندی لگائی جائے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی پر پابندی کے مطالبے کی قرارداد جمع کرادی گئی، قرارداد مسلم لیگ (ن) کی حنا پرویز بٹ نےجمع کرائی۔
جس میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان فیڈریشن پر پی ٹی آئی کی جتھوں کیساتھ حملےکی شدید مذمت کرتا ہے، صوبے کاچیف ایگزیکٹو اور سابق خاتون اول فیڈریشن پرجتھوں کیساتھ حملہ آور ہوئیں۔
قرارداد میں کہنا تھا کہ شرپسندوں اوربلوائیوں نے پولیس اہلکاروں کوزخمی اورگاڑیوں کو آگ لگائی،مخصوص ٹولے نے سوچی سمجھی سازش کےتحت عوام کے جان ومال کو نقصان پہنچایا۔
قرارداد کے متن میں کہا ہے کہ احتجاج سےایک سونوے ارب روپے کا نقصان ہوچکاہے، تحریک انصاف شدت پسند جماعت ہے اس پر فوری پابندی لگائی جائے۔
مزید پڑھیں : پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کی قرارداد بلوچستان اسمبلی سے منظور
گذشتہ روز بلوچستان اسمبلی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی لگانے کی مشترکہ قرارداد کو منظور کر لیا تھا جبکہ اپوزیشن نے اس کی مخالفت کی تھی۔
قرارداد میں کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی نے 9 مئی کو ملک گیر فسادات برپا کیے جبکہ پارٹی کی جانب سے ایک بار پھر پرتشدد کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
خیال رہے مذکورہ قراردار گزشتہ دنوں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے سبب پیش کی گئی۔
پی ٹی آئی کے کارکنان بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور کی قیادت میں ڈی چوک پہنچ گئے تھے، تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مظاہرین کے خلاف گرینڈ آپریشن کے دوران 450 سے زائد کارکنان کو گرفتار کیا تھا۔