کراچی : نیو ایم اے جناح روڈ پر نوجوان دکاندار حسن عارف کے قتل کا مقدمہ جمشید کواٹر تھانے میں چچازاد بھائی کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں نیو ایم اے جناح روڈ پر دکاندار حسن عارف کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا ، جمشیدکوارٹر تھانے میں مقتول کے چچازاد بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ، مقدمے میں قتل اور ڈکیتی کی دفعات شامل کی گئیں ہیں۔
مقدمے میں کہا گیا کہ میں ٹائر کا ذاتی کاروبار کرتا ہوں میں اپنے گھر میں تھا کہ حسن کو گولی لگنے کی اطلاع ملی، میں اپنے دیگر رشتہ داروں کے ہمراہ سول اسپتال پہنچا حسن گولی لگنے سے ہلاک ہوچکا تھا۔
مدعی مقدمے نے بتایا کہ معلوم ہوا حسن اپنی دکان پر تھا کہ 2موٹر سائیکلوں پر تین چار ملزمان آئے، ملزمان نے قمیض شلوار پہنے ہوئے تھے۔
مزید پڑھیں : کراچی میں نوجوان قتل
مدعی کا کہنا تھا کہ ملزمان نے پہلے شاپ نمبر3 کے مالک سے اس کا موبائل فون اسلحے کے زور پر چھینا، حسن جو طاہر کی دکان پر موجود تھا اس کا موبائل فون اور پرس چھینا ، جب ملزمان ڈیڑھ لاکھ روپے چھین کر فرار ہونے لگے مزاحمت کرنے پر حسن کو گولی ماردی۔
مقدمے کے متن کے مطابق گولی حسن کے سینے پر بائیں جانب سے لگی، جسے اسپتال لے گئے، ملزمان کو عینی شاہدین شناخت کرسکتے ہیں۔
یاد رہے دو روز قبل کراچی کے علاقے گرومندر اسلامیہ کالج کے قریب چند روپوں کی خاطر ڈاکوؤں نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی تھی۔
عینی شاہد کا بتانا تھا کہ نوجوان نے ایک ملزم پکڑ لیا تھا، جس پر ملزمان نے گولی مار دی، تین موٹر سائیکلوں پر سوار 9 ڈاکوؤں نے ریلی سے نکل کر لوٹ مار کی تھی۔