لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خلاف توہین عدالت درخواست دائر کردی گئی، جس میں عدالتی حکم کو نظر انداز کرنے پر کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خلاف توہین عدالت درخواست دائر کردی گئی، پی ٹی آئی رہنما اکمل باری نے عدالت سے رجوع کیا۔
جس میں موقف اختیار کیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے 22 نومبر کو درخواست گزار کو ہراساں کرنے سے روکنے کا حکم دیا تھا، پولیس نے عدالتی حکم کے بعد تین مقدمات میں گرفتار کیا۔
درخواست میں کہنا تھا کہ عدالتوں نے تینوں مقدمات میں درخواست گزار کو ڈسچارج کردیا، مقامی پولیس مسلسل درخواست گزار کو ہراساں کررہی ہے، فریقین جان بوجھ کر 22 نومبر کے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالتی حکم کو نظر انداز کرنے پر کارروائی کی جائے اور عدالت فریقین کوذاتی حیثیت میں طلب کرے ساتھ ہی فریقین کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔