لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف کو مدارس رجسٹریشن بل پر مفاہمت کا مشورہ دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی جاتی امرا میں پارٹی صدر نواز شریف سے ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت مختلف امورپرتبادلہ خیال کیاگیا اور وزیراعظم نے پارٹی صدر کو دورہ سعودی عرب سے متعلق پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے آگاہ کیا کہ مختلف شعبوں میں تعاون کے حوالے سے دورہ انتہائی مفید رہا۔
وزیراعظم نے مسلم لیگ ن کے صدر کو مولانافضل الرحمان کے مدارس بل پر اعتمادمیں لیا، جس پر پارٹی صدر نے بھی شہبازشریف کو مفاہمت کامشورہ دے دیا۔
مسلم لیگ ن کے صدر نے وزیر اعظم کو مدارس بل پر مولانا فضل الرحمان کے تحفظات دور کرنے کی بھی ہدایت کی، وزیر اعظم نے یقین دہانی کرائی کہ مولانا فضل الرحمان کو مدارس بل پر بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے والدین کی قبروں پرحاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔