پاکستان کے ممتاز آل راؤنڈر عماد وسیم نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے انہوں نے 130 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
پاکستان کے ممتاز آل راؤنڈر عماد وسیم نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے تاہم وہ ڈومیسٹک اور فرنچائز کرکٹ جاری رکھیں گے۔
عماد وسیم نے اپنے اس فیصلے کا اعلان سوشل میڈیا کے ذریعے کیا اور انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ بڑی سوچ بچار کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے۔
آل راؤنڈر نے مزید کہا کہ پاکستان سے کھیلنا میرے لیے سب سے بڑا عزاز رہا۔ پاکستان کی جرسی میں ہر ایک لمحہ میرے لیے نا قابل فراموش ہے۔ تاہم ڈومیسٹک کرکٹ اور فرنچائز میں میرا سفر جاری رہے گا۔
View this post on Instagram
واضح رہے کہ 50 ون ڈے اور 75 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے عماد وسیم نے سلیکٹرز کی جانب سے منتخب نہ کیے جانے پر گزشتہ سال 2023 میں کھیل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
رواں سال امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل انہوں نے ریٹائرمنٹ واپس لی تھی، جس کے بعد ان کی ٹیم میں واپسی ہوئی مگر وہ میگا ایونٹ میں کارکردگی پیش نہ کر سکے۔
عماد وسیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں مایوس کن کارکردگی دکھائی تھی بھارت کے خلاف میچ میں عماد وسیم کی سست بیٹنگ پاکستان کی شکست کی وجہ بنی تھی۔۔
میگا ایونٹ کے بعد سلیکشن کمیٹی نے انہیں آسٹریلیا، زمبابوے اور جنوبی کے جاری دورے کے لیے منتخب نہیں کیا تھا۔
عماد وسیم نے ون ڈے ڈیبیو کولمبو میں سری لنکا کے خلاف 19 جولائی 2015 کو کیا اور یکم جون 2020 کو پنڈی میں زمبابوے کے خلاف اپنا آخری ایک روزہ میچ کھیلا۔
آل راؤنڈر کا ٹی 20 کرکٹ میں ڈیبیو، ون ڈے ڈیبیو سے چار ماہ قبل ہوا اور انہوں نے 24 مارچ 2015 کو لاہور میں زمبابوے کے خلاف ہوا جب کہ اس فارمیٹ میں انہوں نے آخری میچ حالیہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں آئرلینڈ کے خلاف 16 جون کو کھیلا تھا۔
اپنے 9 سالہ انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر میں انہوں نے 55 ون ڈے میچز میں 986 رنز بنائے اور 44 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کا بہترین اسکور 63 رنز ناٹ آؤٹ اور بہترین بولنگ فیگر 14 رنز پر 5 وکٹوں کا ہے۔
ٹی 20 کیریئر میں عماد وسیم نے 75 میچز کھیل کر 555 رنز بنائے، جس میں ایک نصف سنچری شامل ہے جب کہ 73 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کا بہترین اسکور 64 رنز ناٹ آؤٹ اور بہترین بولنگ فیگر 14 رنز دے کر 5 وکٹوں کا حصول رہا۔