پی سی بی کے سابق چیئرمین و کمنٹیٹر رمیز راجا جنوبی افریقا کیخلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں فاسٹ بولر شاہین آفریدی کی انجری کا مذاق اُڑانے پرمشکل میں آگئے۔
سنچورین میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی، جنوبی افریقا نے پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 208 رنز کا ہدف آخری اوورز میں حاصل کرلیا۔
ریزا ہنڈرکس نے شاندار 117 رنز کی اننگز کھیلی، دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی 20 میچ آج جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔
تاہم گزشتہ روز جنوبی افریقا کی بیٹنگ کے دوران 17ویں اوور میں شاہین آفریدی بولنگ کررہے تھے تو ان کی گیند افریقی بیٹر رسی وین ڈر ڈوسن نے کھیلی جو سیدھی شاہین کی گردن اور کاندھے کے درمیان جالگی جس کے بعد وہ شدید تکلیف میں تھے لیکن پھر بھی انہوں نے اوور مکمل کیا۔
کمنٹری میں اس دوران رمیز راجا موجود تھے اور وہ کہنے لگے کہ ’بس اس کا چہرہ بچ گیا، سمجھ نہیں آرہا ہے کہ یہ اچھی بات ہے یا نہیں۔‘
رمیز راجا کے اس نامناسب بیان پر مداحوں کی جانب سے انہیں آڑے ہاتھوں لیا گیا۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ رمیز راجا کا یہ کیسا بیان ہے، کیا آپ کو اپنے کرکٹر کی انجری سے بچنے پر تشویش ہے یا کچھ اور۔۔۔۔۔ کئی شائقین نے فاسٹ بولر کی خیریت بھی دریافت کی۔
واضح رہے کہ شاہین آفریدی نے چار اوورز میں 37 رنز دیے تھے اور وہ کوئی وکٹ حاصل نہیں کرسکے تھے۔