پیر, دسمبر 16, 2024
اشتہار

بانی پی ٹی آئی تمام مسائل کی جڑ ہیں، سعید غنی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) تمام مسائل کی جڑ ہیں، وہ نہیں چاہتے کہ مذاکرات ہوں۔

سعید غنی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پر جتنے مظالم ہوئے اتنے کسی دوسری جماعت پر نہیں ہوئے لیکن ہم نے کبھی ایسا کام نہیں کیا جس سے ملک کی معیشت یا جمہوریت داؤ پر لگے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی وہ کام کر رہی ہے جو اس ملک کے دشمن کرنا چاہتے ہیں، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور ہمیشہ انتشار پھیلانے آتے ہیں، صوبے میں ان کی حکومت ہے اور یہ حکومتی وسائل استعمال کرتے ہیں۔

- Advertisement -

یہ بھی پڑھیں: سعید غنی نے سندھ کو سب سے زیادہ ترقی یافتہ صوبہ قرار دے دیا

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ہمدرد ذرا ان کے طرز عمل پر غور کریں، احتجاج پرامن کریں مگر دادا گیری کی اجازت کسی کو نہیں ہونی چاہیے۔

غیر قانون تعمیرات کے بارے میں سعید غنی نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیاں ہو رہی ہیں یہ بہت بڑا مافیا ہے، لوگ غیر قانونی تعمیرات میں پیسے نہ لگائیں۔

چند روز قبل سعید غنی نے اپنے ایک بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ سندھ سب سے ترقی یافتہ صوبہ ہے، کراچی کی بربادی کی ذمہ دار ایم کیو ایم ہے۔

سعید غنی نے ایم کیو ایم کے بیان پر ردعمل میں کہا تھا کہ واٹر بورڈ، کے ایم سی، کے ڈی اے اور ایم ڈی اے کی بربادی کے پیچھے ایم کیو ایم ہے، دہشتگردی پھیلانے والی جماعت کس منہ سے کراچی کے مسائل پر بات کر رہی ہے؟

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی نفرت کی سیاست کو کراچی کے عوام نے دفن کر دیا ہے، ایم کیو ایم مردہ سیاسی گھوڑا ہے اور شدید اندرونی انتشار کا شکار ہے، وہ اب پی ایس پی کے مکمل قبضے میں جا چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم بتائے بلدیاتی انتخابات سے کیوں راہ فرار اختیار کی تھی؟ پاکستان پیپلز پارٹی نے عوامی خدمت کے ذریعے کراچی میں اپنی جگہ بنائی ہے، آئندہ انتخابات میں ایم کیو ایم کو کراچی سے امیدوار بھی نہیں ملیں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں