بالی ووڈ اداکارہ نیتو کپور نے تقریب میں بہو عالیہ بھٹ کی تذلیل کردی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق 14 دسمبر کو کپور خاندان نے راج کپور کی پیدائش کی صد سالہ تقریب دھوم دھام سے منائی اس موقع پر کپور خاندان کے علاوہ کئی نامور شخصیات مدعو تھیں جن میں وزیراعظم نریندرا مودی ودیگر شامل تھے۔
تاہم تقریب کے اندر کچھ ویڈیوز پر چہ مگوئیاں کی جارہی ہیں جن میں خاص طور پر عالیہ بھٹ، رنبیر کپور اور نیتو کپور کی ویڈیو شامل ہے۔
ایونٹ میں نیتو کپور کے ساتھ رنبیر کپور اور ان کی اہلیہ عالیہ بھٹ کو دکھایا گیا ہے، رنبیر ریڈ کارپٹ پر چلتے ہوئے دادا کی سنیما وراثت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
وائرل ویڈیو میں کپور خاندان ریڈ کارپٹ پر واک کرتے ہوئے نظر آرہا ہے ایک موقع پر رنبیر، عالیہ سے بات کرتے ہیں اور فوراً والدہ نیتو کے پاس جاتے ہیں اور عالیہ بھی انہیں پکارتے ہوئے ہاتھ آگے بڑھاتی ہیں لیکن اس کے بعد جو ہوا وہ دیکھ کر لوگ حیرت زدہ رہ گئے۔
ویڈیو دیکھ کر اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ عالیہ ہاتھ بڑھاتی ہیں تو نیتو کپور انہیں نظر انداز کرکے آگے چلی جاتی ہیں، تاہم اس لمحے سے متعلق صورتحال ابھی تک واضح نہیں ہے لیکن سوشل میڈیا صارفین اس پر تبصرے کررہے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے نیتو کپور کو دوسری جیا بچن قرار دیا جارہا ہے اور کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ ساس، ساس ہی ہوتی ہے چاہے وہ سلیبرٹی کی کیوں نہ ہو۔