جنوبی افریقا کے بیٹر ہنرک کلاسن کو آؤٹ ہونے پر اسٹمپ پر لات مارنا مہنگا پڑ گیا۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان دوسرے ون ڈے میچ میں پروٹیز بیٹر ہنرک کلاسن کو آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر جرمانہ کیا گیا۔
ہنرک کلاسن نے دوسرے ون ڈے میں آؤٹ ہونے پر اسٹمپ پر لات مار کر غصہ نکالا تھا۔
جنوبی افریقی بیٹر پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا اور ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دے دیا گیا ہے۔
گزشتہ روز پاکستان نے جنوبی افریقا کو دوسرے ون ڈے میچ میں 81 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیے گئے 330 رنز کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی ٹیم 43.1 اوورز میں 248 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
ہینرک کلاسن کی 97 رنز کی اننگز میں جنوبی افریقا کو شکست سے نہ بچاسکی، اوپنر ٹونی ڈی زوزوی 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جارح مزاج بیٹر ڈیوڈ ملر 29 رنز پر شاہین آفریدی کا نشانہ بنے۔
کپتان ٹیمبا باوما 12 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، رسی وین ڈر ڈوسن 23 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے، ایڈن مارکرم کو 21 رنز پر ابرار احمد نے آؤٹ کیا۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4 وکٹیں حاصل کیں، نسیم شاہ نے تین اور ابرار احمد نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔