کراچی: کراچی ایئرپورٹ پر علاج کے بہانے پاکستان آنے والی افغان خاتون جعل سازی سے حاصل ویزے پر امریکا جاتے ہوئے پکڑی گئی، ایف آئی اے نے مراکش کے ویزے پر جانے والے ایک مسافر صدام حسین کو بھی آف لوڈ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر ایک کارروائی میں جعل سازی سے ویزا حاصل کرنے والی افغان خاتون مسافر کو گرفتار کر لیا، ملزمہ 13 نومبر کو چمن بارڈر کے ذریعے علاج کے نام پر پاکستان آئی تھی، لیکن علاج کے حوالے سے کسی قسم کے ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہی۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمہ علاج کا بہانہ کر کے امریکی ویزا اپلائے کرنے پاکستان آئی تھی، ملزمہ کے کزن نے پاکستان جانے کے لیے میڈیکل ویزا اپلائی کرنے کا مشورہ دیا تھا، ملزمہ نے پاکستان پہنچنے کے بعد امریکی سفارتخانے سے ویزا حاصل کیا۔
افغان خاتون نے پاکستانی ویزا اپلائی کرنے کے لیے جعلی دستاویزات استعمال کی تھیں، گرفتار ملزمہ کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔
کراچی ایئرپورٹ پر ایک اور کارروائی میں صدام حسین نامی ایک مسافر کو آف لوڈ کر دیا گیا ہے، صدام حسین وزٹ ویزے پر مراکش جا رہا تھا، تاہم ملزم کا مراکش جانے کا مقصد اسپین اور اٹلی کی جانب غیر قانونی بارڈر پار کرنا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے ویزا شیخوپورہ کے رہائشی نوید نامی ایجنٹ سے 8 لاکھ روپے میں حاصل کیا تھا، ملزم واٹس ایپ کے ذریعے جبار اور امجد نامی انسانی اسمگلرز سے رابطے میں تھا، انسانی اسمگلر امجد یورپ میں غیر قانونی ڈنکی اور سمندر کے راستے لوگوں کو بھیجنے میں ملوث ہے۔
ملزم نے مزید انکشاف کیا کہ انسانی اسمگلر امجد کا تعلق شیخوپورہ سے ہے اور بیرون ملک مقیم ہے، امجد نے متعدد لوگوں کو غیر قانونی یورپ بھجوانے کے نام پر لاکھوں روپے بٹورے ہیں، ایف آئی اے کے مطابق ملزم کو ثبوتوں کے ساتھ اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔