اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے مذاکرات کے لیے کمیٹی بنا دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے اسپیکر کی تجویز پر حکومتی اتحاد کے ممبران پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی تشکیل دے دی، جس میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، رانا ثنا اللہ، سینیٹرعرفان صدیقی شامل ہیں۔
سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف، نوید قمر، خالد مقبول صدیقی، علیم خان اور چوہدری سالک حسین بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
وزیر اعظم نے اسپیکر قومی اسمبلی کی تجویز پر حکومتی اتحاد کی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی، وزیر اعظم نے کہا ’’میں اسپیکر قومی اسمبلی کی کاوش کو سراہتا ہوں، امید ہے ملکی سلامتی اور قومی مفاد کو مقدم رکھا جائے گا، پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ گزشتہ رات بیرسٹر گوہر نے اسپیکر قومی اسمبلی سے مذاکرات کے لیے کردار ادا کرنے کی استدعا کی تھی، بیرسٹر گوہر نے تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کی پیشکش پر زور دیا تھا۔
بانی پی ٹی آئی نے اوورسیز پاکستانیوں کو زرمبادلہ نہ بھیجنے کی کال دے دی
دوسری طرف پی ٹی آئی نے سول نافرمانی کے پہلے مرحلے کا اعلان کر دیا ہے، بانی پی ٹی آئی نے بیرون ملک موجود پاکستانیوں سے ترسیلات زر نہ بھیجنے کی اپیل کی ہے، اڈیالہ جیل میں بھائی سے ملاقات کے بعد علیمہ خانم نے کہا کہ حکومت کی نیت بات چیت کی نہیں لگ رہی، دو مطالبات پر مذاکرات کا آغاز ہو گیا تو پیسے نہ بھیجنے کی کال واپس لے لیں گے۔