بورے والا: لاہور روڈ پر باراتیوں کی بس اُلٹ گئی، جس کے نتیجے میں 20 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق بورے والا حادثے سے متعلق ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جنہیں طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق بارات کی بس کو حادثہ سیالکوٹ سے واپس آتے ہوئے پیش آیا، حادثہ تیز رفتاری اور ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث پیش آیا۔
اس سے قبل بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں بروری بائی پاس کے قریب بھی باراتیوں سے بھری بس کھائی میں گر گئی تھی، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
پولیس کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ حادثے میں زخمیوں کی تعداد 20 ہے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، تمام زخمیوں کو علاج کیلیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
باراتیوں کی بس ٹائر پھٹنے سے بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری جو ہزارہ ٹاؤن سے بلیلی جا رہی تھی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بروری بائی پاس بس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ المناک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع افسوسناک اور دکھ کا باعث ہے، حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا کوئی غفلت پائی گئی تو مواخذہ ہوگا۔
کراچی، وین میں آگ لگنے سے 10 مسافر جھلس گئے
انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ زخمیوں کو بہتر طبی امداد فراہم کی جائے، جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، زخمی افراد کی جلد صحت یابی کیلیے دعاگو ہیں۔