منگل, فروری 4, 2025
اشتہار

خطے میں امن کیلیے افغانستان سے بات کرنے کو تیار ہیں، وزیراعظم

اشتہار

حیرت انگیز

وزیراعظم شہباز شریف نے افغانستان ہمسائیہ ملک اور دلی خواہش ہے کہ اس سے تعلقات بہتر ہوں خطے میں امن کیلیے بات کرنے کو تیار ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدقسمتی ہے کالعدم ٹی ٹی پی آج بھی افغانستان سے آپریٹ ہورہی ہے اور وہاں بیٹھ کر پاکستان میں لوگوں کو شہید کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کیخلاف نبرد آزما ہیں۔ چند روز پہلے دہشتگردوں نے 16 ایف سی اہلکاروں کو شہید کیا۔ گزشتہ روز بھی سیکیورٹی فورسز کے دہشتگردوں کیخلاف آپریشن میں ہمارا ایک میجر شہید ہوا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پیغام دیا ہے کہ ہم افغان سے بہتر تعلقات کے خواہشمند ہیں اور خطے میں امن کیلیے افغانستان سے بات چیت کرنے کو تیار ہیں، لیکن یہ ممکن نہیں کہ ایک طرف بات چیت کیلیے تیار ہوں اور دوسری طرف ٹی ٹی پی کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہو۔ کالعدم ٹی ٹی پی بدستور افغانستان سے آپریٹ ہو، یہ قابل قبول نہیں ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کو کسی صورت کارروائیوں کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ افغان حکام فی الفور نوٹس لیں اور ٹھوس اقدامات کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں دہشتگردوں کی سرحد پار سے پالیسی نہیں چل سکتی۔ کالعدم ٹی ٹی پی کی افغان سر زمین سے کارروائیاں ہماری ریڈ لائن ہے۔ پاکستان کی سالمیت کے تقاضوں کا پوری طرح دفاع کریں گے۔

وزیراعظم نے کرم اور پاراچنار کی صورتحال کے حوالے سے کہا کہ وفاقی حکومت نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے پاراچنار میں ایک ہزار کلو گرام دواؤں کو پہنچایا ہے اور وہاں سے ان ہی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے اپنے بہن بھائیوں کو اسلام آباد علاج کے لیے منتقل کیا گیا ہے۔

شہباز شریف نے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی ایونٹ کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

اجلاس کے دوران انہوں نے سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی 17 ویں برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لیے بلند درجات کی دعا کی اور کہا کہ بینظیر بھٹو کی ملک کے لیے بے پناہ خدمات ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں