اتوار, جنوری 5, 2025
اشتہار

کراچی : فرنیچر مارکیٹ میں خوفناک آتشزدگی، لاکھوں کا مال خاکستر

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : گلستان جوہر کامران چورنگی پر فرنیچر مارکیٹ میں آگ لگ گئی جس کے سبب لاکھوں روپے مالیت کا فرنیچر جل کر تباہ ہوگیا۔

اے آر وائی نیوز کے نمائندے عدنان راجپوت کی رپورٹ کے مطابق آگ پہلے جھاڑیوں میں لگی جو آہستہ آہستہ فرنیچر مارکیٹ تک پھیل گئی، جس پر قابو پانا مشکل ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 7گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں عملہ آگ پر قابو پانے کی کوشش کرتا رہا۔

آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ دیکھتے ہی دیکھتے فرنیچر مارکیٹ کی متعدد دکانیں آگ کی لپیٹ میں آگئیں اور دکاندار بھی مارکیٹ سے فرنیچر نکالنے کی کوشش میں لگے رہے۔

- Advertisement -

ریسکیو1122 کے مطابق آگ پہلے قریبی جھاڑیوں میں لگی جو فرنیچر مارکیٹ تک پھیل گئی، مارکیٹ میں موجود 40 فیصد سے زائد فرنیچر جل کر راکھ ہوگیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق فرنیچر مارکیٹ میں 80 سے زائد دکانیں ہیں، مارکیٹ میں موجود افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے، مارکیٹ کے قریب ہی رہائشی عمارتیں بھی موجود ہیں جو کسی نقصان سے محفوظ رہیں۔

بعد ازاں گلستان جوہر کامران چورنگی فرنیچر مارکیٹ میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا، فائر بریگیڈ کی7 گاڑیوں نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق چیف فائر آفیسر نے میڈیا کو بتایا ہے کہ مارکیٹ میں 35 سے زائد دکانیں تھیں، یہاں پرانا فرنیچر فروخت ہوتا تھا، آگ لگنے سے50فیصد پرانا فرنیچر جل کر خاکستر ہوگیا،

کےایم سی کے6 اور ریسکیو 1122 کے ایک فائرٹینڈر نے آگ بجھانے میں حصہ لیا، آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی، نقصان کےبارے میں یقین سے کچھ کہہ سکتے۔

مزید پڑھیں : غریب آباد فرنیچر مارکیٹ میں پراسرار آتشزدگی سے 45 دکانیں خاکستر

اس سے قبل گزشتہ سال مارچ میں کراچی کے علاقے غریب آباد فرنیچر مارکیٹ میں پراسرار آتشزدگی سے45 دکانیں جل کرراکھ ہو گئی تھیں، دکانداروں کا کہنا تھا کہ فائربریگیڈ دیر سے پہنچی۔

کئی دکانداروں نے شٹر کاٹ کر اپنا سامان جلنے سے بچایا تھا، اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی گاڑیاں پہنچیں، آگ بجھانے میں چھ گاڑیوں نے حصہ لیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں