کراچی : ملیر 15 فلائی اوور کے قریب ملزمان اسپیشل برانچ کے اہلکار سے سرکاری موٹر سائیکل اورموبائل چھین کر فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں موٹر سائیکل چوری ہونے اور چھینے جانے کے واقعات روز ہوتے ہیں، شہر میں موٹر سائیکل چھیننے والوں نے پولیس اہلکار کوبھی نہ بخشا۔
ملیر 15فلائی اوور کے قریب ڈاکووں نے اسپیشل برانچ کے اہلکار سے لوٹ مار کی، اس دوران ملزمان سرکاری موٹر سائیکل اور موبائل چھین کر فرار ہوگئے۔
پولیس نے لوٹ مارکا مقدمہ تھانہ سعودآباد میں درج کرلیا اور کہا 2 ملزمان بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکل پر واردات کرکے فرار ہوئے۔
خیال رہے گذشتہ کچھ عرصے کے دوران شہر قائد میں موٹرسائیکلوں کی چوری اور چھیننے جانے کی وارداتوں نے شہریوں کو پریشان کر دیا ہے اور وہ خود کو غیرمحفوظ تصور کرنے لگے ہیں۔
پولیس کے مطابق موٹر سائیکلوں کی چوری میں ملوث گروہ کراچی سے موٹر سائیکلیں چوری کرنے یا چھیننے کے بعد انہیں اندرون سندھ سمیت ملک کے دیگر صوبوں میں فروخت کر دیتا ہے۔